دیکھتی آنکھوں سنتے کانوں کو اب طارق عزیز کا سلام نہیں پہنچے گا

مانیٹرنگ ڈیسک:معروف ٹی وی کمپیئر اور کئی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والے طارق عزیز انتقال کرگئے۔ طارق عزیز کی عمر 84 برس تھی اور وہ گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔

طارق عزیز ادیب، شاعر اور سابق رکن قومی اسمبلی بھی تھے، انہوں نےکئی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔معروف اداکار طارق عزیز پی ٹی وی کے مقبول پروگرام نیلام گھر کے میزبان تھے۔نیلام گھر پاکستان کی ٹی وی کی تاریخ کاسب سے زیادہ وقت تک چلنے والا پروگرام تھا یہ پروگرام چالیس سال تک آن ایئر رہا اور طارق عزیز اس کے میزبان رہے۔ انہوں نے پاکستان میں طویل وقت تک ایک پروگرام کی میزبانی کا ریکارڈ قائم کیا

نیلام گھر میں طارق عزیز کے دہرائے گئے جملے پاکستان میں ضرب المثل بن گئے۔ دیکھتی آنکھوں سنتے کانوں کا جملہ لوگوں کی زبان پر ایسا چڑھا کہ طلبہ تقریر میں استعمال کرتے تھے۔ اسی طرح یہ ’ واٹر کولر آپ کا ہوا ‘ ایک ایسا جملہ بن گیا کہ لوگ آپس میں مذاق میں بھی استعمال کرتے تھے۔ طارق عزیز کو ادب سیاست سمیت کئی موضوعات پر دسترس تھی۔ وہ شستہ اردو استعمال کرتے تھے۔

طارق عزیز نے سیاست کے میدان کارزار میں بھی قدم رکھا۔ ابتدا میں وہ پیپلز پارٹی کے ساتھ تھے لیکن نوے کی دہائی میں ن لیگ جوائن کرلی اور قومی اسمبلی کا الیکشن لڑا۔ سپریم کورٹ پر ن لیگ کے کارکنوں کے حملے کے مقدمہ میں طارق عزیز بھی نامزد کیئے گئے تھے۔

طارق عزیز نے اردو اور پنجابی زبان میں شاعری کی۔ ان کی شاعری کا ایک مجموعہ شایع ہوچکا ہے۔ جبکہ وہ اپنی سوانح حیات بھی مکمل کررہے تھے۔

وقت کی پابندی اور جونیئرز کی حوصلہ افزائی یہ طارق عزیز کے وہ اوصاف تھے جو ان سے ملنے والے کبھی نہیں بھولتے۔

طارق عزیز کے انتقال کے بعد بھی لوگ دیکھتی آنکھوں سنتے کانوں کے جملے دہرائیں گے لیکن طارق عزیز کا سلام اس میں شامل نہیں ہوگا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں